قیدیوں کی خوراک کے لیے 91 کروڑ 61 لاکھ روپے کی اضافی گرانٹ منظور

image

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا ہے کہ سندھ کابینہ نے جیل خانہ جات میں قیدیوں کی خوراک کے لیے 91 کروڑ 61 لاکھ روپے سے زائد کی اضافی گرانٹ منظور کرلی ہے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) آپریشن اینڈ مینجمنٹ ایکٹ 2025 کے مسودہ بل کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت وفاق سے منتقل شدہ طبی اداروں کے انتظام کے لیے نیا قانونی فریم ورک اور ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی تقرری کے قواعد بھی منظور کرلیے گئے ہیں۔

کابینہ نے آنکولوجی (کینسر) اور ویکٹر سے پھیلنے والی بیماریوں کی ادویات کو ای پی اے ڈی ایس (EPADS) میں شامل کرنے کی منظوری دی ہے جبکہ مالی سال 2027-28 کے ٹینڈر کے لیے جولائی 2026 میں پیشگی کارروائی شروع کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔

شرجیل انعام میمن کے مطابق سندھ پوسٹ گریجویٹ ریزیڈنسی پالیسی 2026 نافذ کرنے اور تمام سرکاری میڈیکل اداروں میں یکساں پوسٹ گریجویٹ داخلہ نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت 3 ہزار 794 تربیتی نشستوں کے لیے 4 ارب 73 کروڑ 90 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

صوبے میں ایک صوبائی پوسٹ گریجویٹ کمیٹی (پی پی سی) قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو اسپتالوں میں لازمی تربیتی روٹیشن نافذ کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US