بھارت کے شہر کولکتہ میں سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے آرمی آرڈیننس کور کے ایک سینئر افسر کرنل ہمانشو بالی کو مبینہ طور پر بھاری رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
بھارتی اخبار کی رپورٹ کے مطابق آرڈیننس کور کے کرنل ہمانشو بالی پر الزام ہے کہ انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 50 لاکھ روپے رشوت وصول کی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کرنل بالی اور ان کے ساتھ ملوث دیگر فوجی افسران پر نجی ٹھیکیداروں سے بھاری رقوم اور رشوت کے عوض مختلف سرکاری ٹینڈرز غیر قانونی طور پر دینے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے، جس پر سی بی آئی نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لیا۔