محسن نقوی نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں تہران میں عباس عراقچی سے ایک اور اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور ایران امریکا مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ملاقات میں جنگ کے خاتمے کے لیے تیار کیے گئے تازہ ترین مسودے پر گفتگو ہوئی جبکہ امریکا اور ایران کے درمیان اختلافات کا سبب بننے والے نکات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق محسن نقوی گزشتہ کئی روز سے تہران میں موجود ہیں اور پاکستان ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے کی راہ ہموار کرنے کے لیے سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستانی ثالثی میں جاری ایران امریکا بالواسطہ مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے اور دونوں ممالک ممکنہ جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مجوزہ معاہدے سے متعلق دستاویزات کا تبادلہ جاری ہے جبکہ ایرانی حکام کے مطابق ڈرافٹ پر کام تیزی سے جاری ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بعض اہم نکات پر پیشرفت ہوئی ہے تاہم چند معاملات اب بھی زیر بحث ہیں۔ دوسری جانب رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی حکام نے کہا کہ ابھی تک کوئی حتمی معاہدہ طے نہیں پایا، تاہم ایران اور امریکا کے درمیان اختلافات میں کمی آئی ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق یورینیم افزودگی پروگرام اور آبنائے ہرمز پر کنٹرول اب بھی مذاکرات میں اہم رکاوٹیں تصور کیے جا رہے ہیں۔