واشنگٹن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سرکاری رہائشگاہ وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ کے واقعے میں سیکریٹ سروس نے حملہ آور کو ہلاک کردیا، جبکہ ایک راہگیر بھی جان کی بازی ہار گیا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلح شخص نے وائٹ ہاؤس کے مرکزی داخلی راستے کے قریب تعینات سیکریٹ سروس اہلکاروں پر پستول سے فائرنگ کی۔ واقعہ 17ویں اسٹریٹ اور پینسلوینیا ایونیو کے قریب پیش آیا۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے حملہ آور کی شناخت 21 سالہ نسائر بیسٹ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق ریاست میری لینڈ سے بتایا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور وائٹ ہاؤس کے احاطے میں داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔
واقعے کے وقت صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں موجود تھے۔ فائرنگ کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عمارت کو عارضی طور پر لاک ڈاؤن کردیا گیا، تاہم صورتحال قابو میں آنے کے بعد لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے دوران تقریباً 30 گولیاں چلائی گئیں جبکہ احتیاطی تدابیر کے تحت اسنائپرز کو وائٹ ہاؤس کی چھت پر تعینات کردیا گیا۔ حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔