ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران آج بھی پہلے کی طرح ثابت قدم اور ناقابلِ شکست ہے اور اس کی قومی طاقت اور شناخت اس کے تاریخی اور اسٹریٹجک علاقوں سے جڑی ہوئی ہے۔
صدر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا کہ خرم شہر، خلیج فارس اور آبنائے ہرمز جیسے اہم خطے ایران کی قومی شناخت اور اس کی طاقت کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خرم شہر کے عوام نے ماضی میں دشمن کے خلاف بھرپور مزاحمت کی اور اپنی استقامت سے دنیا کو پیغام دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مزاحمت، قربانی اور جارحیت کا منہ توڑ جواب ایرانی تاریخ اور ثقافت کا حصہ ہیں، اور یہی جذبہ آج بھی ملک کی قومی پالیسی اور سوچ میں نمایاں ہے۔
واضح رہے کہ خرم شہر ایران عراق جنگ کے دوران شدید لڑائی کا مرکز رہا ہے اور اسے ایران میں مزاحمت کی علامت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔