واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ کے خاتمے سے متعلق معاہدہ فوری طور پر طے پانے کا امکان نہیں، کیونکہ ایرانی قیادت کی جانب سے اس کی منظوری میں کئی روز لگ سکتے ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اور امریکا کے مذاکرات کار معاہدے کے بنیادی نکات پر اتفاق کرچکے ہیں۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی حکام کا خیال ہے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے بھی معاہدے کے ابتدائی خدوخال کی منظوری دے دی ہے، تاہم حتمی معاہدے پر دستخط سے قبل کئی معاملات طے ہونا باقی ہیں۔
اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق ممکنہ معاہدے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی تک معاہدہ مکمل طور پر طے نہیں پایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ سابق صدر باراک اوباما کے دور کے معاہدے سے بالکل مختلف ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ابھی تک کسی نے اس معاہدے کی تفصیلات نہیں دیکھیں اور نہ ہی کسی کو معلوم ہے کہ اس میں کیا شامل ہے۔ انہوں نے تنقید کرنے والوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ بغیر معلومات کے تبصرے کرنے والوں کی باتوں پر توجہ نہ دی جائے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران سے متعلق پیش رفت مثبت ہوگی اور وہ کبھی ”بری ڈیل“ نہیں کرتے۔