چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ بدلتے عالمی حالات کے باوجود پاکستان کے ساتھ تعلقات چین کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔
بیجنگ میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شی جن پنگ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چین آمد پر خوش آمدید کہا اور پاکستانی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر حال ہی میں ایران کے دورے سے واپس آئے ہیں، اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی مثبت کوششیں اور ثالثی کردار قابلِ تحسین ہیں۔
چینی صدر کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کو 75 برس مکمل ہوچکے ہیں اور اس عرصے میں دونوں ممالک نے باہمی اعتماد، تعاون اور حمایت کی نئی مثالیں قائم کیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اعتماد اور عملی تعاون نے ترقی کے سفر میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
شی جن پنگ نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کو سکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینی چاہیے اور یکطرفہ فیصلوں اور سرد جنگ جیسی سوچ کی مخالفت کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنی چاہییں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی دونوں ممالک کے بانی رہنماؤں کی بصیرت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے زائد عرصے میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل محنت کی گئی اور مستقبل میں بھی اس رشتے کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات منفرد نوعیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین کی عالمی ترقی، معاشی استحکام اور امن کے لیے کردار کو بھی سراہا۔