وفاقی حکومت اور حکومتِ بلوچستان نے دہشتگردی کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے اور ”فتنہ الہندوستان“ سے وابستہ دہشتگرد عناصر کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ یہ عزم وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں ظاہر کیا گیا۔
اجلاس میں آئی جی بلوچستان پولیس نے کوئٹہ کے علاقے چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کی۔ اجلاس کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال، دہشتگردی کے واقعات اور سیکیورٹی اداروں کی جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت مشکل کی اس گھڑی میں بلوچستان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 3 ایف سی اہلکاروں سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ سیکیورٹی اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔