وزیراعظم شہباز شریف نے بیجنگ کے دورے کے دوران تیانمن اسکوائر میں عوامی جمہوریہ چین کے قومی ہیروز کی یادگار پر حاضری دی اور پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔
یادگار آمد کے موقع پر پاکستان اور چین کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ وزیراعظم نے سادہ مگر پروقار تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزرا، پاکستانی وفد کے اراکین اور چین کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے یادگار پر پھول رکھ کر چین کے قومی ہیروز کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ بیجنگ کے مرکز میں واقع تیانمن اسکوائر چین کی تاریخ، ثقافت اور قومی شناخت کی اہم علامت تصور کیا جاتا ہے۔