محرم الحرام 1448 ہجری کے سلسلے میں منعقد ہونے والی مجالس اور نکالے جانے والے جلوسوں کے لیے ٹریفک کی روانی، شہری سہولیات اور فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع ایس ایس پیز ٹریفک، ڈی ایس پی سیکیورٹی ٹریفک، ڈی ایس پی لیگل، علمائے کرام اور جلوسوں و مجالس کے منتظمین کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران، منتظمین اور شہریوں کی سہولت کے پیشِ نظر ایک جامع اور مؤثر ٹریفک پلان مرتب کیا جا رہا ہے تاکہ جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ برسوں کے تجربات کی روشنی میں اس سال مزید بہتر اور منظم انتظامات کیے جائیں گے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے اطراف کے علاقوں کا فوری سروے اور معائنہ مکمل کیا جائے، جبکہ سڑکوں پر موجود گڑھوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، صفائی ستھرائی، تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ اور دیگر رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مرکزی و حساس مقامات پر اضافی ٹریفک نفری تعینات کی جائے گی۔ اجلاس کے شرکاء نے کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔