کے ایم سی نے "انٹرٹینمنٹ ٹیکس" متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا

image

بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) نے شہر میں نیا "انٹرٹینمنٹ ٹیکس" نافذ کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے تحت ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز، لاجز، میرج ہالز، مارکیز، میرج لانز، ایئر بی این بیز اور بینکوئٹ ہالز سے بل کا ایک فیصد ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

میونسپل کمشنر ابرار جعفر کے مطابق اس ٹیکس کا مقصد شعبہ سیاحت کی مالیاتی پوزیشن کو مستحکم بنانا اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ نئے ٹیکس اور اس کے بائی لاز کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ اس پر عوامی اعتراضات اور تجاویز 10 جون کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دفتر میں سنی جائیں گی۔

کے ایم سی کا کہنا ہے کہ سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے تحت بلدیاتی ادارہ نئے ٹیکس، فیس اور ٹول عائد کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ دوسری جانب سٹی کونسل میں اپوزیشن جماعتوں نے مجوزہ ٹیکس پر مشاورت شروع کر دی ہے، تاہم ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اپنی عددی اکثریت کی بنیاد پر اس بل کی منظوری حاصل کر سکتی ہے، جس کے بعد آئندہ سال سے یہ ٹیکس نافذ ہونے کا امکان ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US