وفاقی حکومت آج رات پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی جس کے تحت پیٹرول سستا جبکہ ڈیزل مہنگا ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایران جنگ کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کا عمل 15 روز کے بجائے ہفتہ وار بنیادوں پر کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں آج حکومت تازہ قیمتوں کا تعین کرے گی، جس کا اطلاق آئندہ ہفتے کے لیے ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ تبدیلیوں کے باعث پیٹرول کی قیمت میں 3 سے 4 روپے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق ڈیزل 34 سے 35 روپے فی لیٹر تک مہنگا ہوسکتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 22 روپے فی لیٹر کمی کی تھی جس کے بعد ملک میں پیٹرول کی قیمت 381.78 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 380.78 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔
نئی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا جس کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔
دوسری جانب بلوچستان میں ایندھن کی فراہمی کے مسائل شدت اختیار کرگئے ہیں۔ کوئٹہ سمیت بعض علاقوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کے باعث متعدد پیٹرول پمپس بند ہوچکے ہیں، جبکہ فعال اسٹیشنز پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دیکھی جا رہی ہیں۔ بعض مقامات پر پیٹرول کی قیمت 500 روپے فی لیٹر تک پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔