بشکیک میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں پاک ایران تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی میں کمی، داخلی سلامتی سے متعلق امور اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ اس موقع پر علاقائی استحکام اور امن کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے سفارتی کوششوں کا تسلسل ناگزیر ہے اور تمام مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور تعاون کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔
ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور سیکیورٹی تعاون کے فروغ کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔