ایران کا اسرائیلی فضائیہ کے دو ایئربیسز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

image

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی فضائیہ کے تل نوف اور نواتیم ایئربیسز کو نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے شعبہ تعلقاتِ عامہ نے بتایا کہ یہ کارروائی سوموار کی صبح کی گئی، جس میں اسرائیلی فضائیہ کے اہم فوجی اڈوں کو ہدف بنایا گیا۔

خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائی اسرائیل کی جانب سے ایران میں متعدد ریڈار تنصیبات پر کیے گئے میزائل حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے جواب میں فوری کارروائی اور اہداف کے دائرہ کار کو وسعت دینا اس مرحلے میں ان کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ یہ کارروائی ایک وارننگ ہے اور اگر جارحیت دہرائی گئی تو مزید سخت اور تباہ کن جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حملوں کے بعد تل ابیب میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ میزائل کے ٹکڑے وسطی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں گرنے کی اطلاعات ہیں۔ رپورٹس کے مطابق حملوں کے بعد اسرائیل کے بن گوریان ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

خطے میں تازہ کشیدگی کے بعد صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US