وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے ازبکستان کے سفیر علی شیر تختیوف نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، فلم سازی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فلم سازی کے شعبے میں مشترکہ منصوبوں پر غور کیا گیا، جن میں مختصر فلم، دستاویزی فلم اور ڈرامہ سیریز کی تیاری کے امکانات شامل ہیں۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بڑے پیمانے پر فلمی منصوبوں کے لیے تجربہ کار پروڈکشن اداروں کی شمولیت ضروری ہے جبکہ مشترکہ فنڈنگ کے ذریعے ان منصوبوں کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔
ازبک سفیر نے خطے میں امن کے فروغ اور اسلام آباد امن مذاکرات میں پاکستان کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کی مشترکہ تاریخ و ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے تعاون مزید بڑھایا جائے گا۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سوشل میڈیا ٹیموں کے درمیان رابطوں کو فروغ دیا جائے گا، مشترکہ ڈیجیٹل مواد تیار کیا جائے گا اور مربوط آن لائن تشہیری حکمت عملی اپنائی جائے گی۔
دونوں ممالک کے درمیان میڈیا اداروں کے تعاون کو وسعت دینے اور صحافیوں کے مطالعاتی دوروں کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا، جسے باہمی تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔