وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سی پیک کی تعمیر، 75 سالہ پاک چین دوستی اور گلوبل گورننس اقدامات سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم پاک چین دوستی کے 75 سالہ سفر کا جشن منا رہی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین 75 سالہ دوستی کا جشن منا رہے ہیں جو ہمارے لیے انتہائی مسرت کا باعث ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اور چین کے مضبوط اور گہرے تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں اور وقت کے ساتھ یہ تعلق مزید مستحکم ہوا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت چین کے ساتھ مضبوط تعلقات پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے دورہ چین کو دوطرفہ تعاون اور دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور چین نہ صرف جغرافیائی طور پر ہمسایہ ہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بھی گہرے روابط موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان نے دوطرفہ تعلقات کی نئی سمت متعین کی۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) صدر شی جن پنگ کے “بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو” کا اہم جزو ہے اور یہ منصوبہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط، میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں تعاون تیزی سے فروغ پا رہا ہے جبکہ وقت کے ساتھ پاک چین دوستی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں بتایا کہ پنجاب حکومت میں نوجوان افسر کے طور پر انہوں نے چین کے متعدد دورے کیے اور دونوں ممالک کے درمیان وفود کے تبادلے تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کو آگے بڑھانے میں بھرپور کردار ادا کرے گا اور خطے میں ترقی و تعاون کے لیے چین کے ساتھ شراکت داری مزید مضبوط بنائی جائے گی۔