راولپنڈی: ہز ہائنس جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ، کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے آج جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور دفاع و سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس سے قبل بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے الگ الگ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقاتیں کیں۔
نیول ہیڈکوارٹرز میں ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون اور خطے کی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ بحرینی کمانڈر نے خطے میں بحری سلامتی کے استحکام کے لیے پاک بحریہ کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کا اہم ستون قرار دیا۔
ائیر ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کے دوران ائیر چیف مارشل نے پاک فضائیہ کی جدید کاری کے اقدامات پر روشنی ڈالی جن میں صلاحیتوں میں اضافہ، انفراسٹرکچر کی ترقی، مقامی سطح پر دفاعی پیداوار اور جدید تربیتی اصلاحات شامل ہیں۔ گفتگو میں ڈرونز، مصنوعی ذہانت، خودکار نظام، جدید سینسرز، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ابھرتے ہوئے فضائی دفاعی چیلنجز جیسے امور زیر بحث آئے۔
بحرینی کمانڈر نے پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل تیاری اور علاقائی امن و استحکام میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے جدید کاری کے اقدامات اور مقامی دفاعی صلاحیتوں میں پیش رفت میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔
یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان مضبوط اور دیرپا دفاعی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔