ایف بی آر کا مجموعی ٹیکس ہدف 15 ہزار 264 ارب روپے مقرر

image

وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا مجموعی ٹیکس ہدف 15 ہزار 264 ارب روپے مقرر کر دیا ہے، جس کے تحت انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، کسٹم ڈیوٹی اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولیوں کے لیے نئے اہداف بھی طے کیے گئے ہیں۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال میں انکم ٹیکس کی مد میں 7 ہزار 613 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر بالواسطہ ٹیکسوں (ان ڈائریکٹ ٹیکسز) سے 7 ہزار 651 ارب روپے حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ کسٹم ڈیوٹی کی وصولیوں کا ہدف ایک ہزار 651 ارب روپے رکھا گیا ہے، جبکہ سیلز ٹیکس کی مد میں 4 ہزار 972 ارب روپے جمع کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اسی طرح فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سے ایک ہزار 73 ارب روپے کی آمدن حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ نئے مالی سال کے ٹیکس اہداف کا مقصد محصولات میں اضافہ، مالیاتی خسارے پر قابو پانا اور ملکی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنا ہے، جبکہ ٹیکس نظام کو مزید مؤثر اور دستاویزی بنانے کے اقدامات بھی جاری رکھے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US