وزیرِ اعظم کا آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرنے کا عندیہ

image

قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عوام کو بڑے ریلیف کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ حکومت آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں مسلسل نیچے جا رہی ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید کمی کے امکانات بھی موجود ہیں، جس کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ خطے میں حالیہ جنگ بندی کے بعد معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور استحکام کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وفاق اور صوبوں کی قیادت نے عوامی ریلیف کے لیے مشترکہ کوششیں کیں اور چاروں صوبائی حکومتوں نے اس سلسلے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے قومی یکجہتی کو پاکستان کی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو رہا ہے اور قومی مفادات کے معاملے پر پوری قوم متحد ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ شب ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ان کی تفصیلی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جو تقریباً تیس منٹ جاری رہی۔ ان کے مطابق ایرانی صدر نے پاکستان اور پاکستانی عوام کے کردار کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان مضبوطی کے ساتھ ایران کے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔

شہباز شریف نے بتایا کہ ایرانی صدر نے خصوصی طور پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو بھی سراہا۔ وزیرِ اعظم نے ایرانی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ان کے استقبال کے لیے بے تاب ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایران کی اعلیٰ قیادت کی آخری رسومات کے سلسلے میں پاکستانی وفد بھی شرکت کرے گا، کیونکہ پاکستان اس موقع پر اپنے برادر ملک کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔

وزیرِ اعظم نے حالیہ سفارتی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس پورے عمل میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کردار انتہائی اہم رہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد کسی فرد یا ادارے کے لیے کریڈٹ حاصل کرنا نہیں بلکہ پاکستان اور پاکستانی قوم کا وقار بلند کرنا تھا۔ انہوں نے نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور اپوزیشن قیادت کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US