خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد کے دو دھماکوں میں 7 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مرکہ بیرا کے علاقے میں پہلا دھماکا اس وقت ہوا جب ہاتھی خیل سے بنوں آنے والی ایک مسافر وین سڑک پر نصب بارودی مواد کی زد میں آ گئی، جس کے نتیجے میں وین میں سوار 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کے مطابق کچھ دیر بعد اسی مقام پر دوسرا دھماکا بھی ہوا، جس کی زد میں آ کر امدادی کارروائیوں میں مصروف 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔