ٹیلی کمیونیکیشن ترمیمی بل 2026: متنازع شقوں پر وزیراعظم کا نوٹس، 10 رکنی کمیٹی قائم

image

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (ری آرگنائزیشن) ترمیمی بل 2026 کی بعض متنازع شقوں پر عوامی اور پارلیمانی حلقوں کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کے بعد وزیراعظم نے بل کا ازسرنو جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کی 10 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی تین روز کے اندر اپنی سفارشات اور حتمی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی، جس کی روشنی میں بل کی متنازع دفعات پر آئندہ فیصلہ کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وفاقی وزیر اقتصادی امور، اٹارنی جنرل، سینیٹر شیری رحمان، رکن قومی اسمبلی جاوید حنیف، بیرسٹر ظفر اللہ اور دیگر متعلقہ شخصیات بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق کمیٹی میں فی الحال اپوزیشن جماعتوں کی نمائندگی شامل نہیں، تاہم ضرورت پڑنے پر مزید ارکان کو کمیٹی میں شامل کیا جاسکتا ہے۔

کمیٹی کو بل کی متنازع شقوں کا قانونی، آئینی اور انتظامی پہلوؤں سے تفصیلی جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس کے علاوہ نجی املاک، انفرادی ملکیت، ہاؤسنگ سوسائٹیز اور دیگر اجتماعی ملکیتی اداروں تک رسائی سے متعلق دفعات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

کمیٹی ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کی تنصیب کی ضروریات اور شہریوں کے حقوقِ ملکیت کے تحفظ کے درمیان متوازن اور قابلِ عمل سفارشات مرتب کرکے وزیراعظم کو پیش کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US