آج سال کا طویل ترین دن، مختصر ترین رات؛ پاکستان میں دن کا دورانیہ 15 گھنٹے تک پہنچ گیا

image

آج شمالی نصف کرے میں سال کا طویل ترین دن اور مختصر ترین رات ہوگی، جس کے ساتھ ہی گرمیوں کے موسم کا اہم فلکیاتی مرحلہ بھی مکمل ہو رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان میں مختلف علاقوں کے لحاظ سے دن کا دورانیہ تقریباً 14 سے 15 گھنٹے کے درمیان رہے گا، جبکہ رات نسبتاً مختصر ہوگی۔ یکم جولائی کے بعد دن کا دورانیہ بتدریج کم ہونا شروع ہو جائے گا اور 22 ستمبر کو دن اور رات تقریباً برابر ہو جائیں گے۔

دنیا بھر میں سب سے طویل دن امریکی ریاست الاسکا کے وسطی علاقوں میں ریکارڈ کیا جائے گا، جہاں سورج کی روشنی کا دورانیہ 21 گھنٹے سے بھی زیادہ رہے گا۔

دوسری جانب جنوبی نصف کرے میں آج سال کا مختصر ترین دن اور طویل ترین رات ہوگی، جس کے ساتھ وہاں موسم سرما کا باقاعدہ آغاز بھی ہو جائے گا۔ براعظم انٹارکٹیکا میں واقع قطب جنوبی کے مرکزی علاقوں میں ان دنوں مسلسل 24 گھنٹے تاریکی چھائی ہوئی ہے۔

یورپی ملک سوئیڈن میں اس موقع کو “مڈ سمر” کے نام سے منایا جاتا ہے۔ روایتی طور پر یہ تہوار ہر سال جمعہ کے روز منایا جاتا ہے، جس کے باعث رواں سال وہاں سال کے طویل ترین دن کی تقریبات 23 جون کو منعقد کی جائیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US