ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے سلسلے میں سوئٹزرلینڈ میں موجود وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات برگن اسٹاک میں ایران اور امریکا کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کے موقع پر ہوئی، جس میں امریکی نمائندہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شریک تھے۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وفد سے ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف ایرانی وفد سے بھی ملاقات کریں گے۔ ایرانی وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف کریں گے، جبکہ وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔
دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی اور سوئس وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی، جو پہلے سے طے شدہ سرکاری شیڈول کا حصہ تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایرانی وفد پاکستان اور قطر کے نمائندوں کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات بھی کرے گا، جبکہ امریکا، ایران، پاکستان اور قطر کی شمولیت سے چار فریقی مشاورتی اجلاس بھی متوقع ہے۔ ترجمان کے مطابق ایرانی وفد آج مختلف سفارتی ملاقاتوں اور مشاورت میں حصہ لے گا۔