امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستان کے سفارتی کردار کا والہانہ انداز میں اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ویری گُڈ، وی لو پاکستان“ (بہت اچھے، ہمیں پاکستان سے محبت ہے)۔
یہ بات انہوں نے سوئٹزرلینڈ کے تفریحی مقام برگن اسٹاک میں امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جب ایک صحافی نے امریکی نائب صدر سے مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کے سفارتی کردار پر سوال پوچھا، تو انہوں نے پُرجوش انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستان سے محبت ہے اور آپ نے (مفاہمت کے لیے) جو کچھ بھی کیا، ہم اس کے لیے آپ کے بے حد شکر گزار ہیں۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کروں گا جنہوں نے اپنی قیادت، انتہائی تدبر اور مہارت پر مبنی سفارتی مذاکرات کے ذریعے ہمیں اس اہم موڑ تک پہنچایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اور میں شکریہ ادا کروں گا پاکستان میں ان کے فیلڈ مارشل، عاصم منیر کا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ پچھلے تین ماہ کے دوران میں نے جتنا فیلڈ مارشل عاصم منیر سے رابطہ اور بات چیت کی ہے شاید ہی کسی اور سے کی ہو۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی اعلیٰ مدبرانہ صلاحیتوں کے بغیر آج ہم یہاں نہ کھڑے ہوتے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر بلاشبہ ایک عظیم فوجی لیڈر ہیں، لیکن میرے خیال میں انہوں نے خود کو ایک عظیم اور ماہر سفارتکار بھی ثابت کیا ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان جاری اس اہم سفارتی عمل کے دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے پاکستانی وفد سے خصوصی ملاقات کی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ اس ملاقات میں خطے کے امن اور جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔