کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 6 میں درخشاں تھانے کی حدود میں واقع امام بارگاہ بقیۃ اللہ کے باہر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک تیز رفتار سوزوکی گاڑی سیکیورٹی بیریکیٹ توڑتی ہوئی احاطے کے اندر جا گھسی۔ حادثے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب امام بارگاہ کے اندر مجلس جاری تھی۔ گاڑی اچانک بے قابو ہو کر بیریکیٹ سے ٹکرائی اور اندر داخل ہوگئی۔ واقعے کے فوری بعد تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اسپتال ذرائع اور پولیس کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن کی شناخت 45 سالہ شازیہ، 5 سالہ بی بی ایمان، 9 سالہ زنیرہ، 16 سالہ ماہین، ممتاز، کوثر پروین، شیر بانو اور مہناز کے علاوہ دو نامعلوم مرد بھی شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے ہیں، جن کی عمریں بالترتیب 25 اور 27 سال بتائی جاتی ہیں۔
پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو فوری طور پر تحویل میں لے لیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات اور ڈرائیور کے بیان کے مطابق، حادثہ گاڑی کے بریک اچانک فیل ہو جانے کی وجہ سے پیش آیا۔
پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تفتیش شروع کردی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔