افغان طالبان کی جانب سے دہشت گرد گروہوں سے لاتعلقی کے دعوؤں پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جب کابل کے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں حافظ گل بہادر گروپ سے مبینہ طور پر وابستہ افراد کی موجودگی کی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آئیں۔
افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ تصاویر کابل کے معروف انٹرکانٹینینٹل ہوٹل میں لی گئی ہیں، جہاں مبینہ طور پر حافظ گل بہادر گروپ سے تعلق رکھنے والے افراد کو دیکھا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں مختلف کمانڈروں کی ہوٹل کے تفریحی مقامات پر موجودگی دکھائی گئی ہے، جس پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ انہیں خصوصی سہولیات اور مہمان نوازی فراہم کی گئی۔
افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق ان تصاویر میں صدر حیات عرف ابو سفیان، کمانڈر جلالی، رہبر وزیرستانی، کمانڈر غازی سمیت دیگر افراد کی موجودگی کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب افغان طالبان کی جانب سے بارہا دہشت گرد گروہوں سے لاتعلقی کے دعوے کیے جاتے رہے ہیں، تاہم حالیہ تصاویر نے ان دعوؤں پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔