ریچھ بننے کی نوکری، سالانہ 41 لاکھ کی پیشکش

image

چین میں ایک چڑیا گھر کی جانب سے دلچسپ اور منفرد ملازمت کی پیشکش نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے جس میں امیدواروں کو ریچھ کا کاسٹیوم پہن کر کام کرنا ہوگا۔

صوبہ ہینان کے شہر لوہے کے وائلڈ لائف زو نے یہ اشتہار جاری کیا ہے، جس کے مطابق اس نوکری کے بدلے سالانہ ایک لاکھ یوآن (تقریباً 41 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) تنخواہ دی جائے گی۔

اشتہار میں کہا گیا ہے کہ امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال اور جسمانی طور پر فٹ ہونا ضروری ہوگا۔ منتخب افراد کو روزانہ 6 گھنٹے کام کرنا ہوگا جبکہ ہر ماہ 4 دن کی چھٹی بھی دی جائے گی۔

یہ افراد ریچھ کا کاسٹیوم پہن کر سیاحوں کے سامنے موجود رہیں گے تاہم انہیں بات کرنے کی اجازت نہیں ہوگی لیکن وہ مختلف آوازیں نکال سکیں گے اور سیاحوں سے کھانے پینے کی اشیاء بھی لے سکیں گے۔

اشتہار میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کاسٹیوم نرم ہوگا تاہم اس میں وینٹیلیشن یا پنکھوں کے نظام سے متعلق کوئی واضح تفصیل نہیں دی گئی۔

دلچسپ ہدایات کے مطابق ملازمین کو آرام کے دوران لیٹنے، اچھلنے، رقص کرنے، درختوں پر چڑھنے اور مچھلیاں پکڑنے جیسی سرگرمیوں کی بھی اجازت ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق اب تک 100 سے زائد افراد اس نوکری میں دلچسپی لے کر رابطہ کر چکے ہیں جبکہ چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس منفرد آئیڈیا سے نہ صرف سیاحوں کی دلچسپی بڑھے گی بلکہ آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US