غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہےجہاں المواسی کے علاقے میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں ایک سالہ شیر خوار بچے اور 23 سالہ خاتون سمیت 6 فلسطینی شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق دیرالبلاح میں ایک اور فضائی حملے میں بچے سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہروں راملہ اور البیرہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو 15 سالہ فلسطینی نوجوان بھی شہید ہوگئے۔
دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ فلسطین ہے اور جب تک اسرائیل مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر قبضہ ختم نہیں کرتا، خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔