سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ”ریاض ایئر“ نے اپنے بین الاقوامی نیٹ ورک کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور اور اسپین کے ساحلی شہر مالاگا کے لیے براہِ راست پروازوں کا اعلان کردیا ہے، جس کے لیے ٹکٹوں کی فروخت بھی شروع ہوچکی ہے۔
ان دو نئی منزلوں کے اضافے کے بعد یہ فضائی کمپنی رواں سال اگست سے مجموعی طور پر 8 مقامات کے لیے پروازیں چلانے کے لیے تیار ہے، جن میں لندن، قاہرہ، دبئی، جدہ، میڈرڈ، مانچسٹر، مالاگا اور کوالالمپور شامل ہیں۔ ایئرلائن جلد ہی اپنے بیڑے میں چھٹا طیارہ بھی شامل کرنے جا رہی ہے۔
شیڈول کے مطابق، ریاض ایئر 14 جولائی سے 8 ستمبر تک اسپین کے شہر مالاگا کے لیے سیزنل نان اسٹاپ پروازیں چلائے گی، جبکہ 17 جولائی سے ریاض اور میڈرڈ کے درمیان نان اسٹاپ روٹ کا آغاز کیا جائے گا، جو دونوں دارالحکومتوں کو جوڑنے کی وجہ سے کاروباری، سیاحتی اور کھیلوں کے شعبوں کے لیے تزویراتی (اسٹریٹجک) اہمیت کا حامل ہے۔
اس کے علاوہ ملائیشیا کے شہر کوالالمپور کے لیے باقاعدہ پروازوں کا آغاز 30 جولائی سے ہو رہا ہے۔ مسافر ان پروازوں کے لیے ریاض ایئر کی موبائل ایپلی کیشن، آفیشل ویب سائٹ یا منظور شدہ ٹریول پارٹنرز کے ذریعے ٹکٹ بک کروا سکتے ہیں۔