تاجروں کو 50 نہیں 100 فیصد حکومت دینے کو تیار ہیں، سیاست میں آئیں اور الیکشن جیتیں، گورنر سندھ

image

گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کا شکوہ ہے کہ انہیں حکومت میں حصہ دیا جائے، تاہم ہم تو 50 فیصد کے بجائے 100 فیصد حصہ دینے کو تیار ہیں، اس لیے تاجر برادری آئے، سیاسی جماعتوں میں حصہ لے، ووٹ حاصل کرے اور جیت کر حکومت کا حصہ بنے۔

انہوں نے مثال دی کہ محمد نواز شریف بھی ایک نوجوان سرمایہ کار کے طور پر ابھرے تھے اور آج سے 36 سال قبل ملک میں موٹروے کا جال بچھایا گیا تھا، لہٰذا ہمیں اپنی سوچ کو تعمیری کرنا ہوگا۔ گورنر سندھ نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہمارے ملک میں پالیسیوں کا تسلسل نہیں رہتا، جبکہ فیلڈ مارشل نے معرکہ حق کا قوم کو تحفہ دیا تھا۔ انہوں نے تاجروں کے مطالبات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمت کم ہونی چاہیے اور یہ ان کی اپنی بھی خواہش ہے کیونکہ وہ سرمایہ کار کی ترقی دیکھ کر خوش ہوتے ہیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سائٹ ایسوسی ایشن کو 5 بلین روپے دیے گئے تھے لیکن صنعتی علاقوں میں کچھ تجاوزات بھی دیکھی ہیں اور سائٹ میں سڑکیں ناقص بنائی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے اس حوالے سے وزیراعظم میاں شہباز شریف کو سفارشات بھیج دی ہیں اور وزیراعظم کو وفاقی کابینہ کا اجلاس کراچی میں کرنے کی بھی سفارش کی ہے، جس کے لیے گورنر ہاؤس سندھ وفاقی کابینہ کے اجلاس کی پوری میزبانی کرنے کے لیے تیار ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US