او آئی سی سی آئی سیکیورٹی سروے 2026 جاری، سیکیورٹی چیلنجز سرمایہ کاروں کے اعتماد اور کاروبار پر اثرانداز

image

اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) نے اپنا سیکیورٹی سروے 2026 جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق کراچی سمیت ملک کے مغربی علاقوں میں امن و امان اور سیکیورٹی چیلنجز، سرمایہ کاروں کے اعتماد اور کاروبار پر منفی اثرات ڈال رہے ہیں۔

Your browser does not support viewing PDFs inline. Download the PDF instead.

سروے میں شامل 71 فیصد ممبران نے سیکیورٹی کو اپنے تین بڑے کاروباری خدشات میں شامل کیا ہے جبکہ کراچی میں سیکیورٹی سے متعلق کاروباری اعتماد گزشتہ سال کے مقابلے میں مزید منفی ہو گیا ہے، جہاں 42 فیصد جواب دہندگان نے کراچی میں سیکیورٹی کی صورتحال کو بگڑتا ہوا قرار دیا اور 50 فیصد نے اسٹریٹ کرائم میں اضافے کی نشاندہی کی۔

اس کے علاوہ کوئٹہ میں 81 فیصد اور پورے بلوچستان میں 86 فیصد جواب دہندگان نے سیکیورٹی کی صورتحال میں خرابی کا ذکر کیا ہے جبکہ مجموعی طور پر 32 فیصد جواب دہندگان کے مطابق سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال نے ان کے کاروبار کو متاثر کیا ہے۔ عالمی اثرات کے حوالے سے 88 فیصد جواب دہندگان کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع نے بھی ان کے اداروں کے سیکیورٹی ماحول کو متاثر کیا ہے۔

سروے کے مطابق، ملک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بارے میں کاروباری اداروں کے اعتماد میں کمی آئی ہے، جس کے تحت کراچی پولیس کی مثبت درجہ بندی 38 فیصد سے کم ہو کر 30 فیصد اور سندھ پولیس کی مثبت درجہ بندی 26 فیصد سے کم ہو کر محض 16 فیصد رہ گئی ہے، تاہم اس کے برعکس سندھ رینجرز کی مثبت درجہ بندی 34 فیصد سے بڑھ کر 43 فیصد اور خیبرپختونخوا پولیس کی مثبت درجہ بندی 34 فیصد سے بڑھ کر 40 فیصد ہو گئی ہے۔

او آئی سی سی آئی کے چیف ایگزیکٹو ایم عبدالعلیم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ سروے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی ثابت قدمی اور طویل المدتی وابستگی کی عکاسی کرتا ہے، لیکن سیکیورٹی صرف امن و امان کا مسئلہ نہیں بلکہ اقتصادی ترقی کے لیے ایک بنیادی ضرورت ہے جس پر توجہ دینا لازم ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US