مشرقِ وسطیٰ کے بدلتے حالات، اسٹیٹ بینک کو معاشی تخمینوں پر نظرثانی کرنا پڑسکتی ہے، گورنر اسٹیٹ بینک

image

گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے جاری نئے مالی سال (27ء) میں مہنگائی میں کمی آنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالی سال 26ء کے مقابلے میں مالی سال 27ء میں مہنگائی کا منظرنامہ بہتر ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قرضوں کے اجراء کا مقصد صرف قرض کی فراہمی نہیں بلکہ روزگار کا فروغ اور قومی معاشی نمو بھی ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مالی سال 26ء میں جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کے باوجود پاکستانی معیشت ثابت قدم رہی۔ مالی سال 26ء میں اوسط افراطِ زر 7.05 فیصد ریکارڈ ہوئی، جبکہ اسٹیٹ بینک کا افراطِ زر کا تخمینہ 5 سے 7 فیصد تک تھا۔ گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 27ء گزشتہ سال سے بہتر رہنے کا امکان ہے، تاہم خام تیل کی قیمتیں دوبارہ بڑھ رہی ہیں جس کے باعث آئندہ مالی سال کے تخمینوں کو دوبارہ سے پرکھا جائے گا، جبکہ مشرقِ وسطیٰ کے تبدیل ہوتے حالات کے تناظر میں بھی اسٹیٹ بینک کو اپنے معاشی تخمینوں پر نظرثانی کرنا پڑسکتی ہے۔

جمیل احمد نے مزید بتایا کہ مالی سال 26ء میں جی ڈی پی نمو 3.7 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ تاحال مالی سال 26ء کے 11 ماہ کا کرنٹ اکاؤنٹ 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سرپلس رہا ہے اور تخمینہ ہے کہ 12 ماہ کا کرنٹ اکاؤنٹ بھی سرپلس رہے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مالی سال 27ء میں بھی کرنٹ اکاؤنٹ مجموعی طور پر سرپلس رہنے کی توقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US