طلاق نے زندگی کے دو بڑے سبق سکھائے، میرا سیٹھی کا انکشاف

image

معروف اداکارہ، مصنفہ اور میزبان میرا سیٹھی نے کہا ہے کہ ان پر شادی کے لیے کبھی کوئی سماجی دباؤ نہیں تھا اور اپنی شادی کے فیصلے کی ذمہ داری وہ خود قبول کرتی ہیں۔

حال ہی میں اداکار و گلوکار احمد علی بٹ کو دیے گئے انٹرویو میں میرا سیٹھی نے اپنی ذاتی زندگی، شادی، طلاق اور زندگی کے تجربات پر کھل کر گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ طلاق کے بعد انہوں نے سب سے اہم سبق یہ سیکھا کہ انسان کو نہ تو اپنے جذبات پر اندھا اعتماد کرنا چاہیے اور نہ ہی کسی کی خاطر اپنی شخصیت بدلنی چاہیے۔ ان کے بقول لوگ اکثر اس بات کو پسند کرتے ہیں کہ آپ ان کی خوشی کے لیے خود کو بدل لیں، لیکن ایسا کرنا درست نہیں۔

میرا سیٹھی نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ وہ پہلے سے زیادہ مضبوط اور پختہ ہو چکی ہیں اور اب اپنی زندگی میں آگے بڑھ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی خاتون ہر معاملے میں خود کو بدلنے یا حالات کے مطابق ڈھالنے سے انکار کرتی ہے تو اکثر اس پر تنقید کی جاتی ہے کہ وہ "ایڈجسٹ" نہیں کر سکی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے معاشرتی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ اپنی مرضی، محبت اور مثالی سوچ کے تحت شادی کی تھی، اس لیے وہ اس فیصلے کا ذمہ دار کسی اور کو نہیں بلکہ خود کو سمجھتی ہیں۔

واضح رہے کہ میرا سیٹھی نے 2019 میں امریکی ریاست کیلیفورنیا میں بلال صدیقی سے شادی کی تھی، تاہم دونوں نے 2023 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US