کنگ خان نے 37 کروڑ روپے میں اپنی یادوں کا گھر خرید لیا

image

بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے دہلی میں واقع اپنے یادگار گھر کی باقی منزلیں تقریباً 37 کروڑ روپے میں خرید کر پوری عمارت کے واحد مالک بن گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی دہلی کے پوش علاقے پنچ شیل پارک میں واقع یہی وہ گھر ہے جہاں شاہ رخ خان اور گوری خان نے 25 اکتوبر 1991 کو شادی کے بعد اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان پہلے ہی اس عمارت کے بیسمنٹ اور پہلی منزل کے مالک تھے جبکہ اب انہوں نے دوسری اور تیسری منزل بھی خرید لی ہے، جس کے بعد پوری جائیداد ان کی ملکیت میں آ گئی ہے۔

یہ رہائشی عمارت تقریباً 1,200 مربع گز کے پلاٹ پر تعمیر کی گئی ہے اور جنوبی دہلی کے مہنگے ترین علاقوں میں شمار ہوتی ہے۔ تاہم شاہ رخ اور گوری خان کے لیے اس گھر کی اہمیت صرف مالی نہیں بلکہ جذباتی بھی ہے، کیونکہ ان کی ازدواجی زندگی اور بے شمار یادیں اسی گھر سے وابستہ ہیں۔

گوری خان بھی ایک انٹرویو میں اس گھر کو اپنی زندگی کا خاص حصہ قرار دے چکی ہیں۔ ان کے مطابق وہ ہمیشہ اپنی والدہ کے گھر کے قریب رہنا چاہتی تھیں اور اس گھر میں خاندان کی یادوں کو محفوظ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ گھر کی ایک دیوار پر ان کے تینوں بچوں آریان، سہانا اور ابرام کے بچپن سے جڑی یادگار اشیا بھی سجائی گئی ہیں۔

شاہ رخ خان بعد ازاں ممبئی منتقل ہوئے جہاں سے انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور وقت کے ساتھ بھارتی سنیما کے سب سے بڑے سپر اسٹارز میں شمار ہونے لگے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US