امی میری شادی نہ دیکھ سکیں"، سلمان سعید نے زندگی کا سب سے بڑا دکھ بیان کردیا

image

"میں نے جوانی میں غصے میں اپنی والدہ سے کہا تھا کہ میں شادی تب کروں گا جب آپ دنیا میں نہیں ہوں گی۔ آج اس ایک جملے کا پچھتاوا زندگی بھر میرے ساتھ رہے گا، کیونکہ وہ واقعی میری شادی دیکھنے کے لیے موجود نہیں تھیں۔ ان کی وفات نے مجھے اندر سے توڑ دیا تھا، ایک سال تک میں سکون سے سو بھی نہیں سکا۔"

پاکستانی اداکار سلمان سعید نے اپنی مرحوم والدہ کو یاد کرتے ہوئے پہلی بار اپنی زندگی کے ایک نہایت جذباتی باب سے پردہ اٹھایا۔ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ والدہ کے ساتھ ان کا تعلق بے حد مضبوط تھا، لیکن ایک لمحے کی ناراضی میں کہے گئے الفاظ آج بھی انہیں تکلیف دیتے ہیں۔

سلمان سعید نے بتایا کہ جب وہ کم عمر تھے تو ان کی والدہ چاہتی تھیں کہ وہ ایک مخصوص لڑکی سے شادی کریں، مگر انہوں نے یہ رشتہ قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ اسی دوران غصے میں انہوں نے ایسا جملہ کہہ دیا، جسے وہ آج تک نہیں بھلا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ قسمت نے ایسا موڑ لیا کہ والدہ ان کی حقیقی شادی دیکھنے کے لیے اس دنیا میں موجود ہی نہ رہیں۔

اداکار نے اپنی والدہ کی آخری بیماری کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے والدہ کو فالج کا دورہ پڑتے دیکھا۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ دوبارہ صحت یاب نہ ہوسکیں اور نسبتاً کم عمری میں انتقال کرگئیں۔

سلمان سعید کے مطابق والدہ کی جدائی نے ان پر گہرا نفسیاتی اثر ڈالا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً ایک سال تک انہیں نیند نہیں آتی تھی، اور اگر کبھی آنکھ لگ بھی جاتی تو گھبراہٹ کے ساتھ اچانک جاگ جاتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ والدہ کی کمی کو قبول کرنا ان کی زندگی کے سب سے مشکل تجربات میں سے ایک تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US