لندن میں واقع وہ تاریخی رہائش گاہ، جہاں پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی سابقہ اہلیہ جمائمہ خان اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کئی سال گزارے، اب فروخت کے لیے پیش کردی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس پراپرٹی کی قیمت 2 کروڑ 50 لاکھ برطانوی پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد یہ ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
'اورملی لاج' نامی یہ پرانی مگر پُرکشش رہائش گاہ جنوب مغربی لندن کے علاقے رچمنڈ میں ہیم کامن کے قریب واقع ہے۔ مشہور رچمنڈ پارک بھی اس کے نزدیک موجود ہے، جس کی وجہ سے یہ علاقہ شہر کے نمایاں رہائشی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔
پراپرٹی کی تفصیلات کے مطابق جارجین دور میں تعمیر ہونے والی اس عمارت کا مجموعی رقبہ تقریباً 15 ہزار 814 مربع فٹ ہے۔ اس میں 10 بیڈ رومز، 7 باتھ رومز، کشادہ سبزہ زار اور ایک الگ کاٹیج بھی شامل ہے، جو اسے منفرد اور وسیع رہائش گاہ بناتے ہیں۔
یہ گھر عمران خان کی ذاتی زندگی سے بھی خاص تعلق رکھتا ہے۔ وہ شادی کے دوران اور بعد میں بھی کچھ عرصہ اسی مکان میں مقیم رہے، جبکہ اس دوران جمائمہ خان کی والدہ لیڈی اینابیل گولڈ اسمتھ بھی اسی رہائش گاہ میں رہتی تھیں۔
اس تاریخی جائیداد کے فروخت کے لیے پیش ہونے کے بعد ایک بار پھر عالمی میڈیا اور پاکستانی عوام کی دلچسپی اس جانب بڑھ گئی ہے، کیونکہ اسے عمران خان کی زندگی کے ایک اہم دور کی یادگار سمجھا جاتا ہے۔