ڈیرہ غازی خان میں ایک کم عمر بچی کے نکاح سے متعلق سامنے آنے والے معاملے پر ضلعی انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعہ علاقے پھگلہ میں پیش آیا، جہاں بچی کے نکاح سے متعلق مختلف الزامات سامنے آنے کے بعد متعلقہ ادارے متحرک ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی ہدایت پر بارڈر ملٹری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نکاح میں شامل ایک معمر شخص کو حراست میں لے لیا، جبکہ دیگر متعلقہ افراد کے بارے میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔
بارڈر ملٹری پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات کی روشنی میں بچی کے نکاح سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں نکاح خواں سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید قانونی کارروائی تفتیش مکمل ہونے کے بعد آگے بڑھائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔