ایچ آئی وی کیسز پر زیرو ٹالرنس پالیسی: وزیراعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت اجلاس، 37 افسران و ملازمین معطل

image

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سیسی کے زیر انتظام کلثوم بائی والیکا اسپتال میں رپورٹ ہونے والے ایچ آئی وی (HIV) کیسز کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر محنت سعید غنی، چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، سیکریٹری صحت طاہر سانگی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی کہ کلثوم بائی والیکا اسپتال میں اب تک 78 بچوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہو چکی ہے۔ اس معاملے پر پہلی بار 23 اکتوبر 2025 کو 6 کیسز سامنے آنے پر محکمہ محنت نے سیسی کے میڈیکل ایڈوائزر کی سربراہی میں ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی، جس نے 6 نومبر 2025 کو اپنی رپورٹ میں شعبۂ اطفال اور لیبارٹری میں انتظامی، طریقہ کار اور انفیکشن کنٹرول کی سنگین خامیوں کی نشاندہی کی تھی۔ اس کے بعد قائم ہونے والی دوسری جامع تحقیقاتی کمیٹی نے 19 جون 2026 کو اپنی رپورٹ پیش کی، جس میں متعدد افسران اور اہلکاروں کو نگرانی اور آپریشنل غفلت کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔

وزیر محنت سعید غنی نے اجلاس کو بتایا کہ تحقیقات کی روشنی میں سابق و موجودہ منتظمین، ڈاکٹروں اور نرسوں سمیت 37 افسران و اہلکاروں کو معطل کر کے 14 روز میں جواب طلب کرتے ہوئے شوکاز نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ دسمبر 2025 میں سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سمیت 10 افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کیا گیا تھا۔

مزید برآں، اسپتال کے 300 سے زائد ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل عملے کی اسکریننگ کے دوران دو ملازمین میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ اصلاحی اقدامات کے تحت اسپتال میں خصوصی اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی سینٹر اور آئسولیشن وارڈ قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ پروفیسر ڈاکٹر فاطمہ میر بچوں کو خصوصی علاج فراہم کریں گی۔ تمام سیسی اسپتالوں میں معمول کی اسکریننگ اور انفیکشن کنٹرول پروٹوکولز نافذ کر دیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے متاثرہ بچوں کے علاج، فلاح اور طویل المدتی بحالی کے لیے 2 ارب روپے کا اینڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا تاکہ ہر متاثرہ بچے کو بغیر کسی مالی بوجھ کے بہترین علاج مل سکے۔

وزیراعلیٰ نے سیسی کے تمام اسپتالوں میں انفیکشن کنٹرول نظام کا ازسرنو جائزہ لینے، طبی فضلہ تلف کرنے، تھرڈ پارٹی آڈٹ جلد مکمل کرنے اور نگرانی کا نظام مضبوط بنانے کی سخت ہدایات جاری کیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US