نہیں میں اپنی والدہ کے گھریلو اخراجات نہیں اٹھاتی۔ میرا ماننا ہے کہ خاندان کے مالی معاملات سنبھالنا مرد کی ذمہ داری ہوتی ہے، خواتین کی نہیں۔
پاکستانی اداکارہ اور کاروباری شخصیت کومل عزیز خان کا اپنی والدہ کی مالی معاونت سے متعلق دیا گیا جواب سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آ گیا۔ انسٹاگرام پر سوال و جواب کے سیشن کے دوران ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ اپنی والدہ کے مالی اخراجات میں مدد کرتی ہیں جس پر اداکارہ نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک گھر کے اخراجات پورے کرنا مرد کی ذمہ داری ہے خواتین کی نہیں۔
کومل عزیز خان کے اس جواب کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آرا سامنے آنے لگیں۔ متعدد صارفین نے اس بیان پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ اداکارہ کے والد کا انتقال ہو چکا ہے اور ان کا کوئی بھائی بھی نہیں اس لیے ان کا یہ مؤقف کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔
کئی صارفین کا کہنا تھا کہ والدین کی خدمت اور ان کی ضروریات کا خیال رکھنا صرف مردوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ بیٹے اور بیٹی دونوں پر یکساں فرض ہے۔ بعض افراد نے یہ بھی لکھا کہ والدہ کی مدد صرف مالی اخراجات تک محدود نہیں ہوتی بلکہ ہر طرح کا ساتھ اور تعاون بھی اس کا حصہ ہے۔
چند صارفین نے اداکارہ کے بیان کو غیر حساس قرار دیا جبکہ کچھ نے رائے دی کہ موجودہ دور میں خواتین بھی اپنے والدین کی کفالت اور ذمہ داری نبھانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اس لیے ایسے معاملات کو صرف مرد یا عورت کی ذمہ داری قرار دینا مناسب نہیں۔