ایران کے شہر اہواز میں بچوں کے کینسر اسپتال اور ایلام میں زائرینِ کربلا کے لیے پانی کی تنصیب پر امریکی حملوں کے جواب میں ایران نے بحرین، کویت اور اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی فضائی نگرانی کے ریڈارز، پیٹریاٹ دفاعی نظام اور جنگی طیاروں کے ایندھن کی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح کویت کے علی السالم ایئر بیس پر ڈرون اور میزائل حملوں میں سیٹلائٹ مواصلاتی مرکز، ابتدائی وارننگ ریڈار اور دیگر امریکی فوجی تنصیبات کو ہدف بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اردن کے الازرق ایئر بیس پر امریکی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر اور جنگی طیاروں کی تنصیبات کو بھی بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب نے کویت کے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین کو خطے میں امریکی فوجی کارروائیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں جبکہ آبنائے ہرمز کی بحالی کو خطے میں امریکی کارروائیوں کے خاتمے سے مشروط قرار دیا۔
عراق کے جنوبی شہر بصرہ میں واقع آئل ٹرمینل پر ڈرون حملے کے بعد تمام آئل ٹرمینلز پر خام تیل کی لوڈنگ عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ڈرون بصرہ آئل ٹرمینل پر موجود آئل ٹینکر سے ٹکرا گیا، جس کے بعد احتیاطی تدابیر کے تحت لوڈنگ کا عمل روک دیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی عراق کی فاو بندرگاہ پر ایک ڈرون گرنے کی اطلاع ملی تھی تاہم اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا اور بندرگاہ کی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔