وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں مقررہ مدت تک نافذ العمل رہیں گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور متعلقہ مالیاتی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی برقرار
وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد پیٹرولیم لیوی کی موجودہ شرح برقرار رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 70 روپے 82 پیسے فی لیٹر اور مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی بدستور نافذ رہے گی۔
دوسری جانب حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 34 روپے 33 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 276 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل مٹی کا تیل 242 روپے 33 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا تھا۔
حکومتی فیصلے کے تحت پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی نئی قیمتوں کے ساتھ پیٹرولیم لیوی کی موجودہ شرح بھی برقرار رہے گی، جس کا اطلاق مقررہ مدت کے لیے نافذ العمل ہوگا۔