کوکنگ ٹی وی کی معروف سابق میزبان ابیل جاوید کے شوہر انتقال کر گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کا انتقال مئی 2026 میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا۔
ابیل جاوید پاکستانی ٹیلی ویژن کی معروف میزبان ہیں، جنہوں نے لیجنڈری شیف زبیدہ طارق کے ساتھ مقبول کوکنگ شو "ہانڈی" کی میزبانی کی۔ یہ شو پاکستانی ٹیلی ویژن کے طویل ترین جاری رہنے والے کوکنگ شوز میں شمار ہوتا ہے۔ ابیل جاوید نے 2015 میں شادی کے بعد ٹی وی میزبانی سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔ وہ دو بیٹیوں کی والدہ ہیں اور اس وقت اپنے یوٹیوب چینل اور انسٹاگرام کے ذریعے مداحوں سے رابطے میں رہتی ہیں۔
ابیل جاوید کے شوہر کے انتقال کی خبر سب سے پہلے ان کی نند نے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا، "میرے بھائی اور ابیل جاوید کے شوہر دو ماہ قبل انتقال کر گئے تھے۔ براہِ کرم ابیل بھابھی کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں صبرِ جمیل عطا فرمائے اور انہیں صحت و سلامتی کے ساتھ لمبی زندگی دے۔"
بعد ازاں ایک صارف کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ابیل جاوید کے شوہر کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا۔ ابیل جاوید نے بھی اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ کے کمنٹس میں اپنے شوہر کے انتقال کی تصدیق کر دی۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات شیئر نہیں کیں۔سوشل میڈیا پر مداح ابیل جاوید کے لیے تعزیت اور صبرِ جمیل کی دعائیں کر رہے ہیں۔