میرے دو بہت قریبی دوست ہیں جن کی بہو نے صاف کہہ دیا تھا کہ وہ اپنے شوہر کے والدین کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی۔ ان کا صرف ایک ہی بیٹا تھا۔ انہوں نے بہو سے کہا بیٹا، کوئی بات نہیں، ہم استطاعت رکھتے ہیں، ہم خود ایمار میں ایک خوبصورت اپارٹمنٹ میں منتقل ہو جاتے ہیں، تم دونوں یہیں رہو۔ لیکن ان کے بیٹے نے انکار کر دیا۔ اس نے کہا میں اپنے والدین کو چھوڑ کر نہیں جا سکتا، ان کے بغیر نہیں رہ سکتا۔' نہ وہ والدین برے تھے اور نہ ہی ان کی بہو، بس وہ اپنی آزادی چاہتی تھی۔
پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کا ایک پرانا پوڈکاسٹ کلپ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے جس میں انہوں نے اپنے قریبی دوستوں کے بیٹے کی طلاق سے متعلق ایک واقعہ بیان کیا۔ یہ گفتگو مایا خان کے پوڈکاسٹ کے دوران ہوئی تاہم بشریٰ انصاری نے کسی بھی خاندان یا فرد کا نام نہیں لیا۔
اگرچہ اداکارہ نے کسی کی شناخت ظاہر نہیں کی، لیکن سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے اندازہ لگایا کہ ان کا اشارہ اداکارہ سائرہ یوسف اور شہروز سبزواری کی علیحدگی کی جانب تھا۔ یہی وجہ ہے کہ اس کلپ نے دوبارہ نئی بحث چھیڑ دی ہے اور مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔
کئی صارفین کا کہنا ہے کہ بشریٰ انصاری کسی اور خاندان کی بات کر رہی تھیں اور سائرہ یوسف سے اس واقعے کو جوڑنا درست نہیں۔ دوسری جانب بعض افراد کا مؤقف ہے کہ اگر یہ واقعہ واقعی اسی جوڑے سے متعلق بھی ہو، تب بھی طلاق کی وجہ صرف ایک مسئلہ نہیں ہو سکتی اور اس کے پیچھے دیگر عوامل بھی موجود ہو سکتے ہیں۔
اس کلپ کے وائرل ہونے کے بعد کچھ صارفین نے ایک بار پھر شہروز سبزواری اور اداکارہ صدف کنول سے متعلق پرانے الزامات کا ذکر کیا جبکہ کئی لوگوں نے اس پورے معاملے پر مختلف زاویوں سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے بحث کو مزید ہوا دے دی۔