شادی کے تیسرے دن تشدد کیا، ڈاکٹر نبیحہ کے حارث کھوکھر پر سنگین الزامات

image

مجھے نہیں معلوم میرے شوہر کے گھر میں کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے مجھے گھر سے نکال دیا اور میرا سامان بھی واپس بھجوا دیا۔ میں اپنی زندگی کے انتہائی مشکل دور سے گزر رہی ہوں۔ صحیح وقت آنے پر خود سب کچھ بتاؤں گی، لیکن اس وقت مجھے صرف دعاؤں کی ضرورت ہے۔ نہ مجھے کسی کی تعریف چاہیے، نہ ہمدردی اور نہ ہی کسی کی حمایت، مجھے صرف اللہ کا سہارا چاہیے۔ میں اپنے مسائل کسی کے سامنے نہیں رکھنا چاہتی، میرا معاملہ اللہ کے سپرد ہے۔ اگر میں مشکل میں ہوں تو لوگ میرے لیے آخر کیا کر سکتے ہیں؟

پاکستان کی معروف ماہرِ نفسیات، سابق نیوز اینکر اور ڈیجیٹل کریئیٹر ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق پہلی بار کھل کر گفتگو کرتے ہوئے کئی چونکا دینے والے دعوے کیے ہیں۔ روبی ملک کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے خلع، گھریلو تنازعات اور مبینہ تشدد سے متعلق اپنی خاموشی توڑ دی۔

ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے بتایا کہ انہوں نے عدالت میں خلع کی درخواست دائر کی تھی جس کے جواب میں انہیں طلاق کا نوٹس موصول ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے ہی اندازہ تھا کہ حارث کھوکھر انہیں طلاق دینے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ شادی کے دوران ان پر جسمانی تشدد کیا جاتا رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہمیشہ مظلوم خواتین کے حق میں آواز اٹھاتی رہی ہیں، لیکن اب انہیں خود اندازہ ہوا ہے کہ بہت سی خواتین کن حالات سے گزرتی ہیں۔ ان کے مطابق معاشرے میں مردوں کی ایسی تربیت نہیں کی جاتی کہ وہ اپنی بیوی کا احترام کریں، جس کی وجہ سے خلع کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈاکٹر نبیحہ نے کہا کہ پہلے انہیں لگتا تھا کہ زیادہ تر غلطی خواتین کی ہوتی ہے مگر اب ان کی رائے بدل چکی ہے اور ان کے مطابق کئی مسائل کی جڑ مردوں کا رویہ ہے۔

ڈاکٹر نبیحہ علی خان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر نے ان کے بیٹے کے سامنے انہیں کردار سے محروم قرار دیا اور ماضی میں ساتھیوں کے ساتھ بنائی گئی چند ویڈیوز کی بنیاد پر ان پر مختلف مردوں سے تعلقات کے الزامات لگائے گئے۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ شادی کے صرف تیسرے دن ایک لڑکی کے ساتھ شوہر کی فون پر گفتگو سامنے آنے کے بعد انہیں بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر نبیحہ علی خان ایک معروف ماہرِ نفسیات، سابق نیوز اینکر اور سوشل میڈیا پر سرگرم شخصیت ہیں، جو انسانی نفسیات اور رویوں پر اپنے خیالات کی وجہ سے خاصی شہرت رکھتی ہیں۔ ان کے پہلے شوہر کئی سال قبل انتقال کر گئے تھے اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔ نومبر 2025 میں انہوں نے اپنے دوست اور ساتھی حارث کھوکھر سے دوسری شادی کی تھی، تاہم شادی کے کچھ ہی عرصے بعد دونوں کے درمیان علیحدگی اور ازدواجی اختلافات کی خبریں سامنے آنا شروع ہو گئی تھیں۔ حالیہ انٹرویو کے بعد یہ معاملہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US