"میں صرف اس تنازع کو ختم کرنا چاہتی ہوں۔ میری خواہش ہے کہ دونوں خاندان ایک ساتھ بیٹھیں اور اس معاملے کو سکون سے حل کریں۔ میں یہ سب اپنے بیٹے کیوان کی خاطر کر رہی ہوں، کیونکہ میں چاہتی ہوں کہ اس کے والد اس کی زندگی کا حصہ رہیں۔ میری رجب سے صرف یہی درخواست ہے کہ وہ دوسروں کی باتوں میں آنے کے بجائے خود فیصلہ کریں۔ میں کسی کے خلاف کوئی ثبوت سامنے نہیں لاؤں گی، کیونکہ میں اب بھی سب کا احترام کرتی ہوں۔ لوگوں سے بھی گزارش ہے کہ اس معاملے کو مزید تنازع نہ بنائیں۔"
یوٹیوبر رجب بٹ اور ان کی اہلیہ ایمان رجب بٹ کی ازدواجی زندگی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے۔ حالیہ دنوں میں رجب بٹ کی جانب سے اپنے سالے عون شیخ کے الزامات کو مسترد کرنے کے بعد ایمان راجب بٹ نے بھی خاموشی توڑتے ہوئے اپنا مؤقف سامنے رکھ دیا۔
ایمان رجب بٹ نے انسٹاگرام پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ اس معاملے کو مزید طول نہیں دینا چاہتیں بلکہ ان کی کوشش ہے کہ دونوں خاندان مل بیٹھ کر تمام اختلافات ختم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی پہلی ترجیح ان کا بیٹا کیوان ہے، جو اپنے والد کی موجودگی اور محبت کا حق رکھتا ہے۔
انہوں نے رجب بٹ سے اپیل کی کہ وہ دوسروں کی باتوں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے فیصلے خود کریں۔ ایمان نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے پاس اگرچہ بہت سی باتیں اور شواہد موجود ہیں، لیکن وہ کسی کی عزت کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتیں، اسی لیے وہ کچھ بھی عوام کے سامنے لانے کا ارادہ نہیں رکھتیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایمان رجب بٹ کے بیان پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے خاندان کو بچانے کی کوشش قرار دیا، جبکہ بعض نے اسے ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کہا۔ کئی صارفین نے یہ رائے بھی دی کہ ذاتی معاملات کو سوشل میڈیا کے بجائے گھر کے اندر ہی حل کیا جانا چاہیے۔