آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کی ضمانت ہے، وزیراعظم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں بہبودِ آبادی اور بڑھتی ہوئی آبادی سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں آبادی میں تیزی سے اضافے کو ملک کے لیے سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے اس پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانا قومی ذمہ داری ہے اور بہبودِ آبادی کو قومی فریضہ سمجھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں توازن ہی پائیدار قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری کی ضمانت ہے جبکہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بہبودِ آبادی سے متعلق اقدامات کے لیے صوبوں کے ساتھ روابط اور ہم آہنگی کو مزید مؤثر بنایا جائے جبکہ عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے جامع آگہی مہم بھی چلائی جائے۔ انہوں نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا اجلاس جلد از جلد طلب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل کے آئندہ اجلاس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم، متعلقہ اداروں کے نمائندے اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شرکت کریں گے تاکہ بہبودِ آبادی کے حوالے سے ایک جامع قومی حکمت عملی مرتب کی جا سکے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل پاپولیشن کونسل سیکریٹریٹ کے آپریٹنگ طریقہ کار کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ نیشنل پاپولیشن اسٹیبلائزیشن پلان 2026-2035 بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت آبادی میں اضافے کی سالانہ شرح کو موجودہ 2.55 فیصد سے کم کرکے 2035 تک 1.25 فیصد تک لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ نئے پاپولیشن اسٹیبلائزیشن فریم ورک کے تحت صحت، تعلیم، نوجوانوں کی ترقی، خواتین کی لیبر فورس میں شمولیت، پیشہ ورانہ تربیت اور سماجی تحفظ جیسے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ وفاقی حکومت کے متعدد سماجی تحفظ کے پروگراموں کو بہبودِ آبادی کے اہداف سے مشروط کرنے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US