یہ ایک پُرامن احتجاج تھا، لیکن اسے پرتشدد ہوتا دیکھ کر مجھے بہت دکھ ہوا۔ جن طلبا اور ان کے خاندانوں کو اس دوران نقصان پہنچا، میری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔ پیپر لیک ایک نہایت سنجیدہ مسئلہ ہے اور مجھے خوشی ہے کہ طلبا بہتر تعلیمی نظام کے لیے متحد ہوئے۔ میں ان کی جدوجہد، عزم اور تعلیم کے لیے جذبے کو دل سے سراہتا ہوں۔ یہ معاملہ صرف طلبا اور تعلیمی نظام کا ہے، اسے سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ مجھے امید ہے کہ حکومت طلبا کی آواز سنے گی ضروری اصلاحات کرے گی اور اس مسئلے کا مثبت حل نکالے گی۔ میری دعا ہے کہ علم حاصل کرنے والے تمام طلبا اپنی منزل تک پہنچیں۔
بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے پیپر لیک کے خلاف طلبا کی تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم کے بہتر مستقبل کے لیے اٹھنے والی آواز کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔
سلمان خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ احتجاج کا آغاز پُرامن انداز میں ہوا تھا، تاہم بعد میں اس میں تشدد شامل ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے اس دوران متاثر ہونے والے طلبا اور ان کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
اداکار نے کہا کہ پیپر لیک جیسے معاملات لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل سے جڑے ہوتے ہیں، اس لیے طلبا کا متحد ہو کر شفاف تعلیمی نظام کا مطالبہ کرنا قابلِ تعریف ہے۔ ان کے مطابق طلبا نے اپنے رویے، محنت اور عزم سے ثابت کیا کہ وہ اپنی تعلیم اور مستقبل کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس تحریک کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے اسے طلبا کے جائز مطالبات کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ ان کے بقول اس کامیابی کا اصل کریڈٹ انہی نوجوانوں کو جاتا ہے جنہوں نے پرامن انداز میں اپنی آواز بلند کی۔
سلمان خان نے امید ظاہر کی کہ حکومت طلبا کے مطالبات پر مثبت پیش رفت کرے گی، تعلیمی نظام میں ضروری اصلاحات لائے گی اور ایسا ماحول فراہم کرے گی جہاں ہر طالب علم اعتماد کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھ سکے۔ انہوں نے آخر میں تمام طلبا کی کامیابی اور روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔