پاکستان کی سینئر اداکارہ اسماء عباس ایک بار پھر سوشل میڈیا پر گفتگو کا موضوع بن گئی ہیں تاہم اس بار وجہ ان کی اداکاری نہیں بلکہ ان کا لباس بنا ہے۔
اسماء عباس حال ہی میں اپنے نئے بوتیک کی تشہیر کے لیے ایک ویڈیو میں نظر آئیں، جہاں انہوں نے اپنی ہی ڈیزائن کردہ دھاری دار کوآرڈ سیٹ پہن رکھا تھا۔ ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے ان کے لباس پر مختلف آرا کا اظہار کرنا شروع کر دیں۔
کئی صارفین نے لباس کے ڈیزائن اور انداز کو تنقید کا نشانہ بنایا، جبکہ بعض نے کہا کہ یہ لباس ان کی شخصیت سے مطابقت نہیں رکھتا۔ کچھ افراد نے ان کے فیشن سینس پر بھی سوال اٹھائے اور سخت تبصرے کیے۔
واضح رہے کہ اسماء عباس پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہیں، جنہوں نے کم عمری میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ شادی کے بعد انہوں نے کچھ عرصہ اداکاری سے دوری اختیار کی، تاہم بچوں کے بڑے ہونے کے بعد دوبارہ شوبز میں واپسی کی۔ اداکاری کے علاوہ وہ گلوکاری اور فیشن ڈیزائننگ میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں، جبکہ حال ہی میں انہوں نے باقاعدہ طور پر اپنا ڈیزائننگ کا کام بھی شروع کیا ہے۔