وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا ہے۔ وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات کی روشنی میں نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
وزارتِ توانائی کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 24 جولائی سے ہوگا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں ردوبدل اوگرا کی سفارشات اور بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔