جموں و کشمیر نہ تو بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور نہ ہی یہ اس کا داخلی معاملہ ہے، پاکستان

image

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان نے بھارت کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر نہ تو بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور نہ ہی یہ اس کا داخلی معاملہ ہے جبکہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی قونصلر صائمہ سلیم نے سلامتی کونسل میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا امن کا درس دینا مضحکہ خیز ہے کیونکہ وہ خود مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں لے کر گیا تھا تاہم اب وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں سے انحراف کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جبر، ظلم اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ بھارت کا انکار اس تنازع کی بین الاقوامی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔

صائمہ سلیم نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا فیصلہ بین الاقوامی قانون کے منافی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دریائے سندھ کا پانی کروڑوں لوگوں کی زندگی کا ذریعہ ہے اسے جنگ یا دباؤ کے ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US